ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مغربی ممالک کا شام مخالف قرارداد پر رائے شماری کا مطالبہ

مغربی ممالک کا شام مخالف قرارداد پر رائے شماری کا مطالبہ

Fri, 07 Apr 2017 18:19:10    S.O. News Service

نیویارک،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام کے ادلب شہرمیں مبینہ کیمیائی حملے کے بعد شامی حکومت کے خلاف سلامتی کونسل میں پیش کی گئی مذمتی قرارداد پر رائے شماری ایک بار پھر ملتوی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب مغربی ممالک نے اسد رجیم کے خلاف مذمت قرارداد پر فوری رائے شماری کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو سلامتی کونسل میں شام کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر رائے شماری ملتوی کردی گئی۔ قبل ازیں بدھ کو بھی روس کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کے بعد رائے شماری روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ادھر اقوام متحدہ میں برطانیہ، فرانس، امریکا اور مغربی ممالک کے سفیروں نے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد پر رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔مغربی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات کے بعد سلامتی کونسل میں پیش کردہ قرارداد میں معمولی ترامیم کی ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ترمیم شدہ قرارداد کو روس کی حمایت حاصل ہوسکی ہے یا نہیں۔سفارت کاروں کے مطابق سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد میں شام کے شمال مغربی شہر ادلب شہر باغیوں کے گڑھ خان الشیخون میں گذشتہ منگل کے روز ہونے والے کیمیائی حملے کی جامع اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس انسان دشمن اقدام میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ خان الشیخون میں گذشتہ منگل کو ہونے والے مبینہ کیمیائی حملے میں سو کے قریب شہری جاں بحق اور 27 بچوں سمیت 546 افراد زخمی ہوئے ہیں۔شام میں ہونے والی اس وحشیانہ کارروائی پر سلامتی کونسل میں ایک مذمتی قرارداد پیش کی تھی جسے روس نے ناپسندیدہ قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔ روس کے ساتھ مذاکرات کے بعد مسودہ قرارداد میں معمولی ترامیم کا اعلان کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ روس شام میں اپنے حلیف بشار الاسد کی حکومت کے جرائم کے خلاف پیش کی گئی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو سات بار ویٹو کرچکا ہے۔حال ہی میں فرانس نے خبردار کیا تھا کہ شام میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے باوجود روس کا ویٹو پاور کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے اور اس کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
 


Share: